پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیز ترین رفتار سے کام جاری ہے ، ملک اسلم نوید

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 23 اگست 2016 18:43

سرگودھا(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 23 اگست۔2016ء ) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیز ترین رفتار سے کام جاری ہے ،ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی تقدیر بدلنے والے اس منصوبے کاآگے بڑھنا ہضم نہیں ہو رہا ،عمران خان کی ڈیلی ویجز طرز کی سیاست انہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل ہی کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما ء ملک اسلم نوید نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیاسی نابالغ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے بوکھلا گئے ہیں اور سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کی بجائے پاکستان کی ترقی کے درپے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا دھرنا کھیلنے والوں کو چیلنج ہے آئیں اورملک و قوم کی ترقی کے منصوبوں میں اپنے اور ہمارے کاموں کاموازنہ کرلیں۔

(جاری ہے)

در اصل یہ لوگ (ن) لیگ نہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور قوم ایسے چہروں کو پہچان چکی ہے۔ملک اسلم نوید نے کہا کہ عمران خان تبدیلی اور میرٹ کی بات تو کرتے ہیں لیکن خود ہی اسکی دھجیاں بھی اڑاتے ہیں ،جن لوگوں نے تحریک انصاف کو نومولود سے جوان کرنے میں اپنا پسینہ بہایا انہیں کھڈے لائن لگا دیا گیا جبکہ ”نوٹوں والی سرکار “عہدوں پر براجمان ہیں۔

عمران خان کی جماعت میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا اپنا کوئی وڑن نہیں ،وہ مانگے تانگے کی سیاست پر گزارہ کر رہے ہیں، جو بھی ان کے کان میں آکر بات کہہ دے اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں ،انکی ڈیلی ویجز طرز کی سیاست انہیں عام انتخابات سے قبل ہی کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :