پاکستان تحریک انصاف کا تنخواہوں سے محروم پاکستان اسٹیل ملز اور سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ

ملازمین کو واجبات کی ادائیگی میں مزید تاخیر کی گئی تو ملازمین کیساتھ ملکر بھرپور مزاحمت کریں گے، رکن قومی اسمبلی اسد عمر

منگل 23 اگست 2016 18:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے تنخواہوں سے محروم پاکستان اسٹیل ملز اور سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں تحریک انصاف ،وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کے ارکان کی تنخواہیں روکنے کے لئے پارلیمنٹ سے رجوع کرے گی۔ سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین اسد عمر قومی اسمبلی میں باضابطہ طور پر قرارداد جمع کروائیں گے جس میں اسٹیل ملز اور سرکاری کارپویشنز کے ملازمین کو تنخواہیں نہ دینے تک قرارداد کے ذریعے وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کو تنخواہوں کی ادائیگی روکنے کا مطالبہ کریں گے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی میں مزید تاخیر کی گئی تو ملازمین کیساتھ ملکر بھرپور مزاحمت کریں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف نے تنخواہوں سے محروم پاکستان اسٹیل ملز اور سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے سینئیر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ غریب ملازمین کے بچے فاقوں مریں اور وزیر اعظم اور انکے وزرا عیش و عشرت میں مگن ہوں۔

انکا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز اور سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی تک وزیر اعظم اور انکی کابینہ کو تنخواہوں کی ادائیگی روکی جائے۔انھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت کے پاس وزیروں کے ناز نخرے اٹھانے کیلئے پیسے ہیں جبکہ غریب ملازمین کیلئے خزانہ خالی ہے۔ انھوں نے ذور دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کی آمد سے قبل ملازمین کو انکی محنت کا صلہ ملنا ضروری ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ واجبات کی ادائیگی میں مزید تاخیر کی گئی تو ملازمین کیساتھ ملکر بھرپور مزاحمت کریں گے،معاشی ترقی اور خزانے کے بھرے ہونے کے دعویدار وزیر اعظم ملازمین کو عید سے قبل انکی اجرت دیں۔