کراچی میں امن ہوگا تولوگ سرمایہ کاری کریں گے ملک کا پہیہ چلے گا وزیر اعظم نواز شریف

ملکی اقتصادی ترقی امن سے جڑی ہے جس کے لئے کراچی میں بھی امن ضروری ہے تقریب سے خطاب

منگل 23 اگست 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک سے بے امنی کا جلد خاتمہ ہوجائے گا کراچی میں امن ہوگا تولوگ وہاں سرمایہ کاری کریں گے اور ملک کا پہیہ چلے گا۔سیلز ٹیکس ریفنڈ ز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ ملکی اقتصادی ترقی امن سے جڑی ہے جس کیلئے کراچی میں بھی امن ضروری ہے، شہر قائد میں امن ہوگا تو لوگ وہاں سرمایہ کاری کریں گے اور ملک کا پہیہ چلے گا تاہم قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک سے بے امنی کا جلد خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج تاجروں کے ساتھ اچھے ماحول میں بات چیت کر رہے ہیں، ملک عدم استحکام سے استحکام کی جانب رواں دواں ہے، امن ہوگا تو پاکستان میں تیزی سے اقتصادی ترقی ہوگی اور غیرملکی یہاں آکر سرمایہ کاری کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ 2013 کے عام انتخابات کے بعد لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اپنا ہوم ورک کر رہے تھے اور اس وقت یہ بات ہوتی تھی کہ بجلی کے کارخانے لگانے کے لئے پیسے کہاں سے لائیں لیکن حکومت سنبھالنے کے بعد چین کے ساتھ سی پیک معاہدہ طے پاگیا جس میں درجنوں بجلی کے کارخانے لگانے کے معاہدے بھی ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی صرف ہونی نہیں چاہیے بلکہ سستی بھی ہونی چاہیے جس کیلئے موجودہ حکومت کی کوششیں جاری ہیں تیزی سے بجلی کے کارخانے لگائے جارہے ہیں اورسرپلس بجلی پیدا کر رہے ہیں، تھر میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں جہاں کوئلہ نکالنے کا کام بھی جلد شروع کردیا جائیگا تھر کے کوئلے کا ذخیرہ کئی سال پہلے استعمال ہونا چاہیے تھا۔

متعلقہ عنوان :