فاٹامیں اصلاحات علاقے کے عوام کی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں نیشنل ایکشن پلان کا لازمی جزو ہیں وزیر اعظم

فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ ان علاقوں کے عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جائے گا نواز شریف کا اجلاس سے خطاب

منگل 23 اگست 2016 17:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں اصلاحات علاقے کے عوام کی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں اور یہ نیشنل ایکشن پلان کا لازمی جزو ہیں، فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ ان علاقوں کے عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جائے گا۔وہ منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات کو (کل) بدھ کے روز نیشنل ایکشن پلان کی وسیع تر کمیٹی کے روبرو پیش کرنے پر اتفاق پایا گیا۔

اجلاس میں وزیر قانون زاہد حامد، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد اور سیکرٹری سیفران محمد شہزاد ارباب بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں اصلاحات کا مقصد ملک کے طویل عرصہ سے نظرانداز شدہ علاقوں کو مرکزی دھارے میں لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ ان علاقوں کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق کیا جائے گا، فاٹا کے عوام نے امن اور جنگ کے زمانہ میں بے شمار قربانیاں پیش کرتے ہوئے ہمارے قومی کاز کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ کمیٹی نے تمام قبائلی ایجنسیوں کا دورہ کیا اور کاروباری شخصیات، قبائلی عمائدین، تعلیم یافتہ نوجوانوں، علماء کرام اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت ان علاقوں کے منتخب نمائندوں سے ملاقاتیں کیں تاکہ فاٹا کے مستقبل کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دینے سے قبل ان کا نکتہ نظر معلوم کیا جا سکے۔ کمیٹی نے تمام فرنٹیئرز ریجنز کے عمائدین اور دیگر فریقین کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :