ایم کیوایم پر پابندی کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا،مشیراطلاعات سندھ

حکومت کے ساتھ اختلاقات تو ہوسکتے ہیں لیکن ملک ماں ہے ماں سے اختلاف نہیں ہوسکتا، مولابخش چانڈیو

منگل 23 اگست 2016 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیونے کہاکہ گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی ہوچکی لیکن پابندی کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔منگل کوایکسپوسینٹر کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئیمولا بخش چانڈیو نے کہاکہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات ہوئی جو بہترین تھی خود وفد ایم کیوایم نے وزیر اعلی سندھ کے اقدامات اور دل جوئی کی تعریف بھی کی ۔

ملاقات میں ایم کیو ایم نے حکومت سندھ کے سامنے 3 مطالبات رکھے جن میں لاپتہ افراد کی بازیابی،ایم کیوایم کارکنان کی ماورائے عدالت قتل اور ہڑتال ختم کرنے سے متعلق تھے، ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی لیکن ملاقات کے 2 گھنٹے بعد ہی حالات نے کروٹ بدلی اور سب کچھ تہس نہس ہوگیا اب تک سمجھ میں نہیں آیا کہ گزشتہ روز ہونے والا افسوسناک واقعہ کیوں ہوا۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم کے پاکستان مخالف بیان کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور برطانوی حکومت سے رابطہ کرنے کا بھی کہا جائے گا، امید ہے لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے جرم پر برطانوی حکومت بھی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف جو بھی کارروائی ہونی تھی وہ ہوچکی لیکن پابندی کا فیصلہ قانون کے مطابق ہی کیا جائے گا۔مولا بخش چانڈیونے کہاکہ اپنی جماعت کے نظریات اور پارٹی کارکنان و قیادت کے مفادات کے لئے سیاسی اختلافات رکھنا درست ہیں لیکن ملک کے ساتھ اختلاف کا سوچنا بھی گناہ ہے حکومت کے ساتھ اختلاقات تو ہوسکتے ہیں لیکن ملک ماں ہے اور ماں سے اختلاف نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :