انجینئر یاسر گیلانی کی کراچی میں نجی چینلز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

حکومت اس واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائے رہنما تحریک انصاف

منگل 23 اگست 2016 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کراچی میں نجی چینلز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آزادی صحافت پر حملہ ہے، حملہ آور پاکستان میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ کسی کو بھی بندوق کے زور پر اپنی بات منوانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آزاد صحافت کسی بھی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہوتا ہے۔

حکومت اس واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائے انہوں نے مزید کہا ہے کہ لندن سے کارکنوں کو اشتعال دلایا گیا۔ برطانیہ اپنے شہری کو پاکستان کے خلاف تقاریر سے روکے۔ پاکستان میں طاقت اور جبر کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں سیاسی کارکنوں کو اشتعال دلانا انتہائی تشویش ناک ہے۔ لاٹھی اور گولی کی سیاست کرنے والوں کو قوم مسترد کرتی ہے۔