پنجاب میں نقص امن کے خدشے کے پیش نظر ایم کیو ایم کے تمام دفاتر سیل کرنے کا فیصلہ

لاہور میں مرکزی دفتر سیل ،متحدہ قائد ،دیگر رہنماؤں کی تصاویر والے پینا فلیکسز اور پارٹی پرچم اتار دیا گیا

منگل 23 اگست 2016 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) پنجاب میں نقص امن کے خدشے کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ کے تمام دفاتر سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، لاہور میں مرکزی دفتر کو سیل کر کے متحدہ قائد ،دیگر رہنماؤں کی تصاویر والے پینا فلیکسز اور پارٹی پرچم کو اتار دیا گیا ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ کے قائد کے اشتعال انگیز خطاب کے بعد شہر قائد میں پیش آنے والی صورتحال کے بعد پنجاب میں قیام امن کے لئے ایم کیو ایم کے تمام دفاتر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب سے تعلق رکھنے والے متحدہ کے کئی رہنما پہلے سے ہی روپوش ہیں۔ تاہم پولیس اہلکاروں نے لاہور میں واقع متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی دفتر کو سیل کردیا ۔وہاں لکھی گئی سیاسی عبارات پر سپرے کردیا گیا ہے جبکہ دفتر میں لگے متحدہ قائد ودیگر رہنماؤں والے پینا فلیکسز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پارٹی پرچم بھی اتار دیا گیا ہے ۔ جبکہ دفتر کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں متحدہ کے دفاتر بند کرنے کے فیصلے کے تحت فی الحال صرف لاہور ہی میں دفتر کی بندش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔