وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا برطانوی حکام سے رابطہ

الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر اور ہجوم کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے کے واقعہ بارے تبادلہ خیال

منگل 23 اگست 2016 16:15

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی اعلی حکام سے رابطہ کیا اور الطاف حسین کی گذشتہ روز کی پاکستان مخالف تقریر اور ہجوم کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے کے واقعے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق برطانوی حکام سے بات چیت کر تے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کسی شخص کا برطانوی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت اور امن کے خلاف اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے الطاف حسین نے نہ صرف پوری قوم اور خصوصا اردو بولنے والی عوام کی دل آزاری اور ہتک کی ہے بلکہ سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت برطانیہ ایسے سنگین جرم میں ملوث شخص کو قانون کے دائرے میں لانے کے لئے معاونت کرے۔