الطاف حسین کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کیخلاف تین قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 23 اگست 2016 13:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) اپوزیشن نے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور ایم کیو ایم کے شر پسند عناصر کی طرف سے میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف تین قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادیں ۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات جو کہ پاکستان اساسی بنیادوں کو نقصان پہنچانے کی ناپاک کوشش ہے اور اس کے نتیجے میں کراچی اور حیدر آباد میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی میڈیا ہاؤسز پر حملے اور پاکستان کے خلاف نعروں کا سلسلہ شروع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور ایم کیو ایم کے قائد اور اس کے رہنماؤں کے پاکستان دشمن رویہ کی پرزور مذمت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے اور میڈیا ہاؤسز پر حملے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں آئین پاکستان اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے ۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی محمد شعیب صدیقی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کا یہ معزز ایوان پاکستان کے خلاف ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقریر کرنے اور اپنے کارکنوں کو پاکستان کے میڈیا ہاؤسز پر حملے کے لئے اکسانے اور میڈیا ہاؤسز میں توڑ پھوڑ ، صحافیوں اور دیگر صحافتی عملہ کو شدید زدو کوب کرنے پر انتہائی انتہائی غصے اور تشویش کے ساتھ بھرپور مذمت کرتا ہے ۔

یہ ایوان اس مرحلہ پر بلا تخصیص میڈیا ہاؤسز ، صحافیوں اور دیگر تمام عملہ کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کرتا ہے کہ تمام تر ناگزیز حالات کے باوجود تمام میڈیا ہاؤسز اور پرنٹ میڈیا کے صحافی اور دیگر صحافتی عملہ اپنی ذمہ داریوں کو با احسن و خوبی سے نبھاتے رہیں گے ۔ یہ ایوان پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی ہرزہ سرائی اور ملک دشمن کارروائیوں کی مکمل روک تھام کے لئے پاکستان آرمی چیف کی جانب سے بروقت احکامات کو سراہتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ رینجرز سندھ اور سندھ پولیس کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی عبادت سمجھ کر کریں گے ۔

جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی عامر سلطان چیمہ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور الیکٹرانک میڈیا کے کارکنان پر تشدد کی پرزور مذمت کرتا ہے اور حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حملے کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے اور اس حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانونی کارروائی کی جائے ۔ یہ ایوان تمام الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ آزادی صحافت کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی اسمبلی کا یہ ایوان ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔