سینٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی فروخت سے متعلق اشتہار جاری کرنے پر اکاؤنٹس منجمند

منگل 23 اگست 2016 12:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست۔2016ء) سرکل رجسٹرار آفس اسلام آباد نے سینٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی فروخت سے متعلق اشتہار جاری کرنے پر سوسائٹی کے اکاؤنٹس منجمند کردیئے ہیں اور سوسائٹی انتظامیہ کو دفعہ 48 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ پہلے نیب میں ریفرنس فائل ہونے کے باوجود کیوں دوبارہ پلاٹ فروخت کرنے کیلئے اشتہارات جاری کئے گئے ۔

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بھی سوسائٹی انتظامیہ کو سینٹ کا نام استعمال کرنے سے روک دیا اور سرکل رجسٹرار آفس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خلاف قانون پلاٹ فروخت کرنے سے متعلق اشتہار جاری کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینٹ کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر کراچی کا ایک گروپ وفاقی دارالحکومت میں پلاٹوں کی فروخت کا غیر قانونی دھندہ کررہا تھا حالانکہ سینٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس سی ڈی اے کا این او سی ہی نہیں ہے اور نہ ہی نئی انتظامیہ نے پلاٹوں کی خریدوفروخت شروع کرنے کیلئے نیب اور سرکل رجسٹرار آفس سے اجازت لی تھی مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی سابق انتظامیہ کیخلاف ریفرنس عدالت میں زیر سماعت ہے نئی انتظامیہ کے صدر دیدار نے میمن گروپ کے ساتھ ملی بھگت کرکے ایک نئے سکینڈل کا منہ کھول دیا آن لائن کے رابطہ کرنے پر سوسائٹی کے صدر دیدار نے کہا کہ ہمارا اور میمن گروپ کا معاہدہ ہے اور ہم نے انہیں تقریباً 450 پلاٹ معاہدے کے تحت دیئے ہیں اس لئے وہ انہیں اشتہارات کے ذریعے فروخت کرنے کے مجاز ہیں دوسری طرف سرکل رجسٹرار آفس نے آن لائن کو بتایا ہے کہ انیس اگست کو جب پہلا اشتہار آیا تو ہم نے سوسائٹی انتظامیہ کو منع کیا کہ آپ کی زمین بھی کلیئر نہیں اور آپ کے پاس این او سی بھی نہیں ہے لہذا ایسا نہ کیاجائے مگرسوسائٹی انتظامیہ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے تین روز بھی مسلسل اشتہارات جاری کئے اور سادہ لوح عوام کو لوٹنے کی دانستہ کوشش کی اس پر ہم نے دفعہ 48 کے تحت انہیں نوٹس بھیجا اور واضح کردیا کہ اب ہم آپ کی پوری باڈی کو بھی معطل کرسکتے ہیں کیونکہ آپ نے ادارے کی طرف سے نشاندہی کے باوجود اشتہارات جاری کئے دریں اثناء پیر بائیس اگست کو سرکل رجسٹرار آفس کے افسران کو چیئرمین سینٹ کے حکم پر سیکرٹری سینٹ نے طلب کیا جہاں پر سرکل رجسٹرار آفس کی طرف سے کلیئر کیا گیا ہم نے پہلے دن سے ہی الیکشن لیا ہوا ہے اور سوسائٹی انتظامیہ نے ایک گروپ کے ساتھ ملی بھگت کرکے شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کی اور یہ کہ ہم نے سوسائٹی انتظامیہ کے اکاؤنٹس بھی مندمند کردیئے ہیں اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کیلئے نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے ذرائع کے مطابق سینٹ سیکرٹری نے سرکل رجسٹرار آفس کی کارکردگی کوسراہا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ کسی بھی طور پر مذکورہ انتظامیہ یا کسی دوسرے گروپ کو سینٹ کانام استعمال نہ کرنے دیا جائے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر نیب کے ایک سینئر آفیسر کا کہنا تھا کہ ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ پہلے ریفرنس کی موجودگی میں سوسائٹی انتظامیہ نے یہ حرکت کیسے کرڈالی ؟

متعلقہ عنوان :