پنجاب اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر کے خلاف مذمتی قرار داد جمع کرا دی گئی

قرار داد تحریک انصاف کے رکن شعیب صدیقی نے جمع کرائی

منگل 23 اگست 2016 11:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے، اور میڈیا ہاوسز پر حملے اور پرتشدد کارروائیوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں قرارداد تحریک انصاف کے رکن شعیب صدیقی نے جمع کرائی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور کارکنوں کو میڈیا ہاوسز پر حملے کے لیے اکسانے کی مذمت کی جاتی ہے۔

یہ ایوان میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی ہرزہ سرائی اور ملک دشمن کاروائیوں کی مکمل روک تھام کے لیے پاکستان کے آرمی چیف کی جانب سے بروقت احکامات کو سراہتا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ رینجرز سندھ اور سندھ پولیس کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔