پاکستان مخالف تقاریر کرنے پرایم کیو ایم کے رہنماوں کے خلاف غداری کی کاروائی کرنے اورسیاسی جماعت کی حیثیت سے متحدہ قومی موومنٹ کی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 23 اگست 2016 11:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اگست۔2016ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں یہ درخواست وطن پارٹی کے سربراہ بئیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے رہنماوں نے پاکستان مخالف تقاریر کیں جو کہ ملک سے واضح غداری ہے۔ایم کیو ایم کے رہنماوں کی ریاست مخالف بیان بازی ان کیخلاف واضح چارج شیٹ ہے۔

ایم کیو ایم چھوڑنے والے رہنماء کہہ چکے ہیں کہ الطاف حسین را کے ایجنٹ ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست مخالف سیاسی جماعت کی رجسٹریشن پولیٹیکل پارٹیز آرڈریننس کی دفعہ 15 کے تحت کالعدم قرار دی جا سکتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کو ایم کیو ایم کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا جائے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو پاکستان مخالف تقاریرکا ریکارڈ اور منی لانڈرنگ کے ثبوت سکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کرنے کے احکامات صادر کرئے۔