کراچی میں ایم کیو ایم کی دہشتگردی اب بھی پہلے کی طرح موجود ہے ۔موجودہ واقعہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن پر سوالیہ نشان ہے، سنیٹرسراج الحق

لیاقت بلوچ آج کراچی آئیں گے اور متاثرہ ٹی وی چینلز کے دفاتر ز میں جاکر ان سے اظہار یکجہتی کریں گے

پیر 22 اگست 2016 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں ایم کیو ایم کے میڈیا پر تازہ حملے کی شدید قابل مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم کی دہشتگردی اب بھی پہلے کی طرح موجود ہے ۔موجودہ واقعہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن پر سوالیہ نشان ہے ۔ حکومت کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینلز کے دفاتر پر حملہ صحافت کی آزادی پر حملہ ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت فوری طور پر شہریوں اور صحافیوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے ۔ سراج الحق نے زخمی ہونے والے صحافی کارکنوں سے ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بھی کراچی میں ایم کیو ایم کے میڈیا پر حملے کی شدید مذمت اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیاہے۔ لیاقت بلوچ 23 اگست کو کراچی کا دورہ کریں گے اور متاثرہ ٹی وی چینلز کے دفاتر ز میں جاکر ان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔