کراچی کے علاقے زنیب مارکیٹ میں واقع نجی ٹی وی کے دفتر پر ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے حملہ کردیا

کارکنان نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی کارکنا ن نے مدینہ مال کے شیشے بھی توڑ دیئے اور ملازمین کو ہراساں کیا نجی ٹی وی پر حملے کے بعد پریس کلب پر دھاوا بول دیا،حملہ کرنے والوں نے کمپیوٹرتوڑڈالے۔ گارڈ سے اسلحہ بھی چھیننے کی کوشش کی

پیر 22 اگست 2016 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) کراچی کے علاقے زنیب مارکیٹ میں واقع نجی ٹی وی کے دفتر پر ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے حملہ کردیا۔ کارکنان نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی کارکنا ن نے مدینہ مال کے شیشے بھی توڑ دیئے اور ملازمین کو ہراساں کیا۔ایم کیوایم کے مشتعل کارکنوں نے صدر کے مصروف ترین علاقے کو میدان جنگ بنادیا۔

نجی ٹی وی پر حملے کے بعد پریس کلب پر دھاوا بول دیا۔حملہ کرنے والوں نے کمپیوٹرتوڑڈالے۔ گارڈ سے اسلحہ بھی چھیننے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق قائد ایم کیوایم کے خطاب کے بعد ایم کیوایم کے کارکنوں نے ٹی وی چینلز پر حملہ کردیا، کراچی کا مصروف ترین علاقہ صدر منٹوں میں میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ کراچی مدینہ سٹی مال میں نجی ٹی وی کے بیورو آفس پراپنا چہرہ ماسک میں چھپائے ایک شخص شیشے کا دروازہ توڑ کراندر داخل ہوا۔

(جاری ہے)

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس شخص نے توڑ پھوڑ شروع کردی۔اسے کے پیچھے پیچھے ڈنڈے اٹھائے کئی خواتین بھی دفترکے اندر گھس آئیں، انہوں نے ڈنڈے برسائے، کمپیوٹرپٹخے اوراستقبالیہ دفترمیں تباہی مچادی۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے دفتر پر حملہ کرکے اس کو آگ لگانے کی کوشش کی۔استقبالیہ پر تباہی مچانے کے بعد یہ لوگ دفتر کے دوسری حصوں میں بھی گھس گئے۔

عملے کو ہراساں کیا اورمارپیٹ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شخص گارڈ سے ہاتھا پائی کرتا نظرآرہا ہے۔ وہ گارڈ سے اس کا پستول چھیننے کی کوشش کررہا تھا لیکن اس میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ایم کیوایم کے مشتعل کارکنوں نے نجی ٹی وی کے دفتر پر حملے کے بعد پریس کلب کا رخ کیا۔ بے قابو افراد نے پریس کلب پر پتھراؤ کیا، اورپولیس پربھی حملے کیے گئے۔ پولیس کی شیلنگ کا جواب متحدہ کارکنوں نے پتھر مار کر دیا۔

ہنگامہ آرائی میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک دم توڑ گیا۔نجی ٹی وی اور پریس کلب پر حملے کے بعد مشتعل افراد دوسرے ٹی وی چینلز کی جانب بھی بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے متحدہ کے چھ کارکنوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔پریس کلب کے قریب پولیس اہلکاروں نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی، جبکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے باعث کئی افراد کے زخمی ہوگئے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق حملے کے وقت نجی ٹی وی کا عملہ اﷲ کے رحم و کرم پر تھا، مسلح افراد نے نجی ٹی وی کے رپورٹر کو دیکھ کر فائرنگ بھی کردی لاقانونیت اور توڑ پھوڑ کے دوران خواتین اسٹاف ڈری سہمی رہیں، ایم کیو ایم کے مسلح کارکنوں نے دفترمیں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کہیں نظر نہ آئے ۔ہرشے کو تو تہس نہس کرڈالا ۔