وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو ترقی دیکر شہری علاقوں کے برابر لانے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز

پیر 22 اگست 2016 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء ) اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی قیادت میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد شہر کے دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ویژن کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو ترقی دے کر شہری علاقوں کے برابر لانے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار قائم مقام میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اعظم خان نے یونین کونسل سرائے خربوزہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے افسران کے علاوہ مقامی نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے ۔قائم مقام مئیراعظم خان نے کہا کہ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی قیادت اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیرِ مملکت برائے کیڈ کی راہنمائی میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آبادشہرکی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے تمام درینہ مسائل حل کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے تاکہ اسلام آباد کو وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایک جدید اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو سی 48-سرائے خربوزہ میں پانی کے مسئلہ کے فوری حل کے لیے دو ٹیوب ویل منظور کیے جا چکے ہیں جن کی تنصیب کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا۔ جبکہ یونین کونسل سرائے خربوزہ ،شاہ اﷲ دتہ ٰ، جھنگی،بڈھانہ اور یونین کونسل ترنول سے پانی کے مسئلہ کو ہمیشہ کے لیے حل کرنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی بھی تیار کی جا رہی ہے تاکہ ان علاقوں میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔

قائم مقام میئر اعظم خان نے سنگ جانی اور سرائے خربوزہ انڈر پاس کا بھی دورہ کیا اور بارش کے نتیجہ میں جمع ہونے والے پانی کے فوری اخراج کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر مطلوبہ مشینری فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میئر شیخ انصر عزیز کی قیادت میں اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :