انسداد ڈینگی اقدامات کیلئے پوری حکومتی مشینری حرکت میں ہے،ڈاکٹر وسیم اکرم

پیر 22 اگست 2016 22:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء ) وزیراعلی پنجا ب کے مشیر برائے ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات کے لئے پوری حکومتی مشینری حرکت میں ہے اس موقع پر کوئی بھی کوتاہی ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتی ہے اگر ایک بار ڈینگی وبائی شکل اختیار کرگیا تو پھر اس پر قابو پانا مشکل ہو گا۔

انہوں نے یہ بات ٹیکسلا میں ڈینگی کے فیلڈ ورکرز کے تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام پلان انٹرنیشنل پاکستان نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ڈائریکٹوریٹ لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈیویلپمنٹ میاں نجیب اسلم ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد زمان وٹو ، اے سی ٹیکسلا شاہد عمران مارتھ ، ٹی ایم او ٹیکسلا قمر زیشان اور انٹامالوجسٹ اسر ار علی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ تمام حکومتی ادارے ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لئے سرگرم عمل ہیں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ملحقہ نواحی علاقوں کی تحصیلوں میں بھی انسداد ڈینگی مہم زور و شور سے جاری ہے اور اس وقت تک ڈینگی کے رپورٹ ہونے والے کیسز بھی نظر میں رکھے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و کیونٹی میاں نجیب اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے موسم میں ہر جگہ پانی کھڑا ہونے سے لاروا کی افزائش کے زیادہ امکانات ہیں اور اسے مد نظر رکھتے ہوئے گھروں ، زیر تعمیر عمارات، کباڑخانوں ، تنگ و تاریک گوشوں اور پانی کے ذخیروں میں لاروا تلاش کرکے اسے تلف کیا جائے تاکہ لاروا ڈینگی مچھربن کر انسانوں کے لئے خطرہ نہ بن سکے۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے بچاو کا بہترین زریعہ یہ ہے کہ صفائی کی عادات اپنائی جائیں اور گھروں کے ساتھ ساتھ اپنے علاقوں کو بھی صاف رکھا جائے اور کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش ممکن نہ ہو سکے۔ میاں نجیب اسلم نے کہا کہ ڈینگی ورکرز گلی محلے کی سطح پر گھر گھر جاکر ڈینگی سے تحفظ کا پیغام عام کرکے لوگوں میں شعوری آگاہی کے حوالے سے نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ۔ اس موقع پرمحمد زمان وٹو ، اور شاہد عمران مارتھ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ عوامی تعاون سے ڈینگی پر قابو پانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ڈینگی کے سدباب کے لئے حکومتی اقدامات کو کامیاب کرکے صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :