دھرنے ‘ریلیاں پاکستان کیخلاف سازش ہیں،نواز شریف اگلی مدت میں بھی وزیر اعظم ہونگے ، شیخ آفتاب احمد

نواز شریف کی حکمت عملی اور سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان جلد قرض لینے والے ممالک کی صف سے نکل کر قرض دینے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا پارلیمانی امور کے وفاقی وزیرکی اپنے حلقہ کے سینئر صحافی سے گفتگو، ڈھوک شاہڈھیر کی سڑک کیلئے 80لاکھ روپے کی منظوری کا اعلان

پیر 22 اگست 2016 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ دھرنے اور ریلیاں پاکستان کو ترقی و روشن مستقبل کی شاہراہ سے اتارنے کی سازش ہیں، مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں ہیں، میاں نواز شریف 5 سالہ مدت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ بھی 5سال کیلئے وزیر اعظم منتخب ہونگے ، مٹھی بھر عناصر گرمی میں باہر سڑنے کی بجائے گھروں میں آرام کریں کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں،ملک میں مستحکم جمہوریت کیلئے آزاد صحافت ضروری ہے ، حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے کیلئے ہر قدم اٹھائے گی جبکہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی سفارش کرینگے، اٹک اور حضرو کو بڑے شہروں کی تمام سہولیات دینگے ، سوئی گیس اور سڑکوں کے منصوبے جاری ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی پارلیمانی دفتر میں اپنے حلقہ کے سینئر صحافی نثار علی خان سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی ، اس موقع پر وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے صحافی نثار علی خان کے گاؤں کی واحد سڑک کی پختگی اور کارپٹ روڈ کیلئے 80لاکھ روپے کی سکیم پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان کیا، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کررہی ہے ، ایک سوال پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ گوادرمنصوبہ پاکستان کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی رکھتا ہے ، میاں نواز شریف کی حکمت عملی اور سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان قرض لینے والے ممالک کی صف سے نکل کر قرض دینے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا، شیخ آفتاب احمد نے ایک اور سوال پر کہا کہ ہم نے اپنے قائد میاں نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خدمت، عظمت ، شرافت اور عوامی اعتماد کی سیاست کے قائل ہیں مگر نہ جانے کچھ عناصر ملک کو کس طرف لے جانا چاہتے ہیں ، سڑکوں پر دھرنے اور ریلیاں ملک کے نقصان کا باعث ہیں جو دراصل 18کروڑ عوام کا نقصان ہے یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے نقصان کے پیش نظر ان کا ساتھ دینے کی بجائے نواز شریف کا ساتھ دیکر انہیں 5سال مدت پوری کرنے اور آئندہ بھی منتخب کرنے کا موقع دے رہے ہیں، وفاقی وزیر نے معروف صحافی نثار علی خان سے ان کے گاؤں کی سڑک جلد مکمل کرنے اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیاجس پر نثار علی خان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔