وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

تعلیم ملک کے روشن مستقبل اور کامیابی کی کنجی ہے، یونیورسٹیوں میں ریسرچ وڈویلپمنٹ کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے،یونیورسٹیوں میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے پوری تندہی، جذبے اور عزم سے کام کرنا ہوگا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

پیر 22 اگست 2016 22:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پیر کومنعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلا س میں صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے اس ضمن میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ملک کے روشن مستقبل اور کامیابی کی کنجی ہے اور اسی مقصد کے حصول کیلئے معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں تحقیق و ترقی کی بڑی اہمیت ہے اسی لئے یونیورسٹیوں میں ڈویلپمنٹ و ریسرچ کے کام پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو حقیقی معنوں میں علم و دانش کا گہوارہ بنانے کیلئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہے۔ حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور جدید علوم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں اور تعلیمی شعبے کیلئے ریکارڈ فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے پوری تندہی اور جذبے سے کام کرنا ہوگا تاکہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں کے مابین براہ راست رابطوں کو موثر بنا کر ریسرچ و ڈویلپمنٹ کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ سیکرٹریز صاحبان نے اجلا س میں شرکت کی۔