کراچی میں مسلح افراد کا نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملہ،عملہ کو یرغمال بنا کر دفتر میں شدید توڑ پھوڑ

واقعے میں ایم کیوایم کے لوگ ملوث ہیں،ٹی وی چینلز کی انتظامیہ کا الزام ، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کانوٹس لے لیا

پیر 22 اگست 2016 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) کراچی میں مسلح افراد نے دو نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملہ کردیا،عملہ یرغمال بنا کر دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی،ٹی وی چینلز کی انتظامیہ نے الزام عائد کیاہے کہ اس میں ایم کیوایم کے لوگ ملوث ہیں ۔

(جاری ہے)

پیر کو میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو مسلح افراد نے اے آروائی نیوز اور سماء نیوز چینلز پر حملہ کردیا،اے آروائی نیوز کے ملازمین دفتر کے اندر موجود ہوتے ہوئے بھی مسلح افراد نے دفتر کو جلانے کی کوشش کی اور ایک ڈی ایس این جی کو جلا بھی دیا گیا،مسلح افراد توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی،گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ سے عمارتوں کے شیشے توڑ دیئے گئے ۔

ٹی وی چینلز کی انتظامیہ نے الزام عائد کیاہے کہ اس میں ایم کیوایم کے لوگ ملوث ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری فورس پہنچانے کی ہدایت کردی اور کہا کہ اے آر وائی نیوز اور سماء کے ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔(خ م)