عاصمہ جہانگیر کا سانحہ کوئٹہ کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کا مطالبہ

وکلاء کے قاتلوں کو گرفتارکرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ٗ عاصمہ جہانگیر

پیر 22 اگست 2016 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے سانحہ کوئٹہ کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کے قاتلوں کو گرفتارکرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پیرکو یہاں سپریم کورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدرسپریم کورٹ بار نے کہاکہ وکلاء جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، اگروکلاء کے قاتل نہیں پکڑے گئے تو ایک ماہ بعد وہ سڑکوں پر ہوں گے تاہم وکلاء کو اسلئے نشانہ بنایا گیا کہ وہ جمہوریت اور جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے سانحہ کوئٹہ کوسی پیک کے تناظرمیں دیکھنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے اور کوئی شخص ملک کی ترقی کیخلاف نہیں ہوسکتا، سیاسی ایشوز کو سیاسی طور پر ہی حل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

عاصمہ جہانگیر نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پیشہ ورانہ انداز میں لڑنا چاہیے، طلبہ، اساتذہ، وکیلوں اور کسانوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرنے سے نیشنل سکیورٹی پلان کامیاب نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بلوچستان اورمقبوضہ کشمیرکی صورتحال میں مماثلت کے تاثرکومسترد کیا اورکہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک مکمل طورپرمقامی لوگوں کی تحریک ہے جس میں کوئی بیرونی قوت ملوث نہیں، یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پروہاں کی اپوزیشن جماعتیں بھی چیح اٹھی ہیں تاہم اگربلوچستان میں بیرونی مداخلت ہورہی ہے توہمیں اپنی حکومت سے پوچھناچاہئے کہ ایسی مداخلت کوروکاجائے۔

متعلقہ عنوان :