ہم سڑکیں بنا رہے ہیں کچھ لوگ سڑکوں پر آرہے ہیں ٗعوام کا جذبہ دیکھ کر کنٹینر پر چڑھنے والے بیٹھ جائیں ٗ وزیر اعظم

دہشتگردی کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں گے، چین کے تعاون سے راہداری منصوبہ جلد مکمل ہو گا ٗ سیالکوٹ سے لاہور کا تین گھنٹے کا سفر 50 منٹ میں ہو گا، موٹروے سیالکوٹ سے کھاریاں بھی جائے گی ٗپی آئی اے کی پریمیئر سروس سیالکوٹ سے بھی شروع ہو گی،2018ء میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا ٗنواز شریف کا خطاب منصوبے کی تکمیل سے سیالکوٹ اورلاہور کے درمیان مسافت کم ہو کرتین گھنٹے کی بجائے صرف 45منٹ رہ جائے گی ٗوزیر اعظم کو بریفنگ

پیر 22 اگست 2016 21:37

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم سڑکیں بنا رہے ہیں کچھ لوگ سڑکوں پر آرہے ہیں ٗعوام کا جذبہ دیکھ کر کنٹینر پر چڑھنے والے بیٹھ جائیں ٗ دہشتگردی کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں گے، چین کے تعاون سے راہداری منصوبہ جلد مکمل ہو گا ٗ سیالکوٹ سے لاہور کا تین گھنٹے کا سفر 50 منٹ میں ہو گا، موٹروے سیالکوٹ سے کھاریاں بھی جائے گی ٗپی آئی اے کی پریمیئر سروس سیالکوٹ سے بھی شروع ہو گی،2018ء میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

پیر کو یہاں سیالکوٹ۔لاہور موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹروے منصوبہ سیالکوٹ کے عوام کیلئے تحفہ ہے جو ترقی کا پیش خیمہ ہو گا، ہمارا کنٹینر ترقی و خوشحالی کا کنٹینر ہے، ہم ملک کی سڑکیں بنا رہے ہیں، کچھ لوگ سڑکوں پر آ رہے ہیں، پاکستانی نوجوان ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، مخالفین ہمارے ترقی پروگرام سے خائف ہیں، عوام ترقی کی خاطر فساد کو مسترد کر دیں، اگلے دو سال میں ترقیاتی کام تاریخ کا روشن باب ہوگا، فوج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں گے، چین کے تعاون سے راہداری منصوبہ جلد مکمل ہو گا، ہم نے خراب حال ریلوے اور پی آئی اے کو ٹھیک کیا ہے، پی آئی اے کی پریمیئر سروس سیالکوٹ سے بھی شروع ہو گی، سیالکوٹ سے لاہور کا تین گھنٹے کا سفر 50 منٹ میں ہو گا، موٹروے سیالکوٹ سے کھاریاں بھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاریخ میں آج منفرد دن ہے کہ یہاں موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے جس سے سیالکوٹ پورے ملک سے منسلک ہو جائے گا، سیالکوٹ سے پسرور تک بھی سڑک بنائی جائے گی، ہر حال ہی میں ڈسکہ پسرور سڑک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ دیکھ کر کنٹینر پر چڑھنے والے بیٹھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان سے غربت کا خاتمہ ہو اور خوشحالی آئے، 2013ء میں ہر طرف احتجاج تھا، اب ہر طرف خوشحالی ہو رہی ہے، 2018ء تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا، ہم ملک بھر میں موٹرویز بنا رہے ہیں، خنجراب سے کراچی تک سڑکیں بنیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے منصوبہ سیالکوٹ کے عوام کیلئے تحفہ ہے، میں نے ہدایت کی ہے کہ یہ منصوبہ دو سال سے کم مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شاہینوں اور اقبال کا شہر ہے، مجھے سیالکوٹ کے عوام سے دل سے پیار ہے، ہم آئندہ بھی یہاں کے لوگوں کو ترقی کے مزید تحفے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بہترین موٹروے ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1999ء میں اگر ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو پورے ملک میـں موٹرویز بن چکے ہوتے، ہم نے ان منصوبوں پر دوبارہ تیزی سے کام شروع کر دیا ہے، فیصل آباد سے ملتان کیلئے موٹروے منصوبہ پر کام ہو رہا ہے، سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک موٹروے بنیں گے، ہم خنجراب سے کراچی تک سڑکوں کا جال بچھا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج خوشحالی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے، دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے، ہم اپنے فوجی افسروں اور جوانوں اور پولیس کے افسروں، جوانوں، سیکورٹی اداروں اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دلیری کے ساتھ جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں، ساہیوال، قصور، تھر، کراچی میں پاور پلانٹس قائم کئے جا رہے ہیں، کوئلہ اور گیس سے بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے قائم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل پر چین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی میرا فرض ہے جس کیلئے ہم زیادہ سے زیادہ کام کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے سے سیالکوٹ کی تقدیر بدل جائے گی جو پاکستان کا بہترین شہر بنے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، یہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ کیا انہیں استحکام چاہئے یا بدامنی، امن چاہئے یا فساد، معاشی سرگرمی چاہئے یا احتجاج، جس پر جلسہ گاہ میں موجود عوام نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں استحکام، امن اور معاشی سرگرمی چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کالا شاہ کاکو سے نئی سڑک بنے گی جسے لنک روڈ سے ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا، سیالکوٹ سے سمبڑیال تک بھی نئی سڑک بنائی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد نوازشریف نے سیالکوٹ میں ساہووالا کے مقام پر سیالکوٹ‘ لاہور موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے قومی وصوبائی اسمبلی کے اراکین بھی موجود تھے۔

منصوبے کی تعمیر پر 43ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔سیالکوٹ موٹر وے کی سنگِ بنیاد کی تقریب میں ڈی جی ایف ڈبلیواو میجرجنرل محمدافضل نے ایف ڈبلیو او کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ ڈی جی ایف ڈبلیواو میجرجنرل محمدافضل نے کہا کہ یہ چار رویہ موٹر وے 89کلومیٹر طویل ہوگی اور اسکو دوسال سے بھی کم عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا،یہ موٹروے لاہور بائی پاس سے شروع ہوکرسیالکوٹ میں 15کلومیٹر مغرب کی جانب جائے گا، اس موٹر وے کو کالاشاہ کاکو کے قریب ایم ٹو سے ملایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سیالکوٹ اورلاہور کے درمیان مسافت کم ہو کرتین گھنٹے کی بجائے صرف 45منٹ رہ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موٹر وے پر چھ انٹر چینج اور دو سروس ایر یا بھی تعمیر کئے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل سے لاہور اور سیالکوٹ کے علاوہ دیگر ملحقہ آبادیوں کو بھی فائدہ ہوگا ،بین الاقوامی معیار کایہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تمام اخراجات مختلف بینکوں کے تعاون سے کئے جائیں گے ٗ اس منصوبے سے قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑے گا، ڈی جی ایف ڈبلیواو میجرجنرل محمدافضل نے کہا کہ ایف ڈبلیواوملک میں شاہراہوں کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ،ایف ڈبلیواو سڑکوں سے ہونے والی آمدن سے بینکوں کے قرضے واپس کئے جائیں گے۔میجرجنرل محمدافضل نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو یقین دلایا کہ ایف ڈبلیواوقوم کے اعتماد پر پورا اترے گی اور تما م منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او ملک میں سڑکوں کی تعمیر کے مشکل منصوبوں کی تکمیل میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25سال تک اس موٹروے کی دیکھ بھال ایف ڈبلیو او کرے گی۔ اس موقع پر بلوچستان میں ایف ڈبلیو او کے تحت جاری منصوبوں کی تعمیر کے دوران شہید ہونے والے 44جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔