حکومت پنجاب اورعالمی ادویہ ساز کمپنی نوارٹس کے مابین کینسر کے مریضوں کے علاج اورادویہ کی فراہمی کیلئے شراکت کا دائرہ کاربڑھانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت اورنوارٹس کے درمیان کینسر کے مریضوں کو علاج اورمفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بہترین شراکت داری ہے،عالمی ادویہ ساز کمپنی نوارٹس کی جانب سے اس پروگرام کے دائرہ کار میں اضافے کا خیر مقدم کریں گے، ،ون ڈالر پروگرام کے حوالے سے تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کااجلا س سے خطاب ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں کنٹری صدرنوارٹس

پیر 22 اگست 2016 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) حکومت پنجاب اورعالمی ادویہ ساز کمپنی نوارٹس کے مابین کینسر کے مریضوں کے علاج اورادویہ کی فراہمی کیلئے شراکت کا دائرہ کاربڑھانے کا فیصلہ کیاہے ۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب حکومت اورنوارٹس کے درمیان کینسر کے مریضوں کو علاج اورمفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بہترین شراکت داری ہے،عالمی ادویہ ساز کمپنی نوارٹس کی جانب سے اس پروگرام کے دائرہ کار میں اضافے کا خیر مقدم کریں گے، ،ون ڈالر پروگرام کے حوالے سے تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں۔

پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں کینسر کے مریضوں کیلئے حکومت پنجاب اورعالمی ادویہ ساز کمپنی نوارٹس کے مابین جاری شراکت کے دائرہ کار کوبڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اورنوارٹس کے درمیان کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے اورمفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مضبوط بنیادوں پر بہترین شراکت داری قائم ہے اورادویہ ساز کمپنی نوارٹس کی جانب سے اس پروگرام کے دائرہ کار میں اضافے کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کینسر کے مریض کو جس کرب اورتکلیف سے گزرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ مریض اوراس کا خاندان ہی کرسکتا ہے ،اس لئے کینسر کے مریضوں کو ادویات اورطبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت اور نوارٹس کے مابین تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیرمتعدی بیماریوں کے حوالے سے نوارٹس کاون ڈالر پروگرام شاندار ہے اور اس پروگرام سے مریضوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کوہدایت کی کہ نوارٹس کے ون ڈالر پروگرام کا جائزہ لے کرحتمی سفارشات پیش کی جائیں اورنوارٹس کے ون ڈالر پروگرام کے حوالے سے تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میرا مشن ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔نوارٹس کے حکام نے ون ڈالر پروگرام اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ون ڈالر پروگرام کے تحت مریضوں کو 15ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔

نوارٹس کے کنٹری صدر شہباب رضوی نے کہاکہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،ایم این اے ڈاکٹررمیش کمار،پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،نوارٹس فارما کے کنٹری صدر شہباب رضوی ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔