پاکستان کا مستقبل بچوں کے محفوظ مستقبل کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ہمارے بنیادی ڈھانچہ کی کمزوریوں کو دیکھنا ہو گا ٗاحسن اقبال

بھوک، افلاس اور تعلیم کی ابتر صورتحال کے ساتھ مستقبل میں ہم ترقی نہیں کر سکتے ٗ مسائل کے حل کیلئے سب کو آگے آنا ہوگا ٗ خطاب

پیر 22 اگست 2016 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بچوں کے محفوظ مستقبل کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ہمارے بنیادی ڈھانچہ کی کمزوریوں کو دیکھنا ہو گا، ہم ان ممالک میں ہائی ریٹ میں ہیں جن کے بچے سکولوں سے باہر ہیں، وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر ان مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔

پیر کو ارلی چائلڈ ہڈ ڈویلپمنٹ ٹو پبلک ایجنڈا راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کی اموات کی شرح میں پاکستان بہت آگے ہے اور اس کی روک تھام کیلئے وفاقی حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مضبوط لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوک، افلاس اور تعلیم کی ابتر صورتحال کے ساتھ مستقبل میں ہم ترقی نہیں کر سکتے اور ان مسائل کے حل کیلئے سب کو آگے آنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نومولود بچوں کی بہتر پرورش کریں گے تو ہمارا مستقبل محفوظ ہو گا اور اس کیلئے نیشنل پلان فار ارلی چائلڈ ہڈ بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جو پائیدار ترقی کے اصول کو پارلیمنٹ میں لے کر گیا، ہمیں دیرپا ترقی کے اہداف کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں تعلیم یا علم کی فراوانی ہے لیکن عمل کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کے حال کو محفوظ بنا کر اپنا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر غیر سرکاری تنظیموں کے حکام نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :