دیہی مرکز صحت اکبر پورہ میں ناقص پیشہ ورانہ خدمات،وزیراعلی نے نوٹس لے لیا

واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے اورملوث افراد کے خلاف کاروائی کاحکم حکومت کبھی بھی صوبے میں بہترین طبی سہولیات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی ، کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،وزیراعلی پرویزخٹک

پیر 22 اگست 2016 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دیہی مرکز صحت اکبر پورہ میں ناقص پیشہ ورانہ خدمات کے حوالے سے انکوائری رپورٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں کلاس فور ملازمین سے پیشہ وارانہ ہیلتھ سروسز کاکام لیا گیا تھا اور اسے وزیراعلیٰ نے عوامی صحت سے کھیلنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس واقعے میں ملوث چاہے جو بھی ہو اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی اور تحصیل سطح پر بہترطبی سہولیات کی فراہمی کو مزید موثر بنانے کیلئے سیکنڈری اور بنیادی سطح کے ہیلتھ کے پی سی ون کی تیاری کی بھی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں میاں راشد ہسپتال پبی کے امور اور صوبے بھر میں ضلعی اور تحصیل سطح پر بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت شہرام خان تراکئی، رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمان ، سیکرٹری صحت، نائب ناظم ٹاوٴن نوشہرہ، چیف ایگزیکٹو رہبر این جی او اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کبھی بھی صوبے میں بہترین طبی سہولیات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس ضمن میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے رائٹ ٹو انفارمیشن اور رائٹ ٹو سروسز سمیت متعدد قوانین بنائے ہیں اور اب ایک عام آدمی بھی حکومت کے کسی بھی شعبے میں وسائل کے استعمال کے بارے میں ہر طرح کی معلومات حاصل کر سکتا ہے اور موجودہ سسٹم میں عوام کو چیک اینڈ بیلنس کا مکمل اختیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے مگر سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ اسی سیاسی مداخلت نے ماضی میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کو خراب کیا۔

وزیر اعلیٰ نے واضح پیغام دیا کہ انکی حکومت میں عوام کی خواہشات کے عین مطابق بہتر طرز حکمرانی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر تمام محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اشتہارات محکمہ اطلاعات کے ذریعے مشتہر کریں اجلاس میں رہبر این جی او کے چیف ایگزیکٹو نے میاں راشد، ہسپتال پبی کے بارے میں متعلقہ این جی او اور محکمہ صحت کے مابین حائل مسائل کے حل کی درخواست کی جسے این جی او کی جانب سے باقاعدہ درخواست کرنے اور اسے مفاد عامہ کے حق میں حل کرنے کی شرط پر منظور کیا گیا۔