وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ملاقات،سماجی شعبے کی ترقی میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پرامن، محفوظ اور روشن پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں‘شہبازشریف پنجاب حکومت کے ساتھ سماجی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے تعاون کریں گے‘احمت البراک

پیر 22 اگست 2016 20:12

وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے ملاقات کی۔ملاقات میں احمت البراک نے پنجاب میں سماجی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں جمہوریت کے ساتھ جس والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اورپنجاب میں سرمایہ کاری پر غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پرامن، محفوظ اور روشن پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ حکومت کے موثر اقدامات کے باعث معیشت مضبوط ہوئی ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ سماجی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ احمد حسان، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔