شا ہ نورانی کی پہاڑیوں میں ایف سی اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی فائرنگ،کالعدم تنظیم کاایک کمانڈر دو ساتھیوں سمیت ہلاک

دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی دہشتگرد صدر پاکستان کے صاحبزادے پر بم حملہ ، حب میں پولٹری فارم کے 9مزدوروں کے قتل اور چائنیز انجینئرز پر حملہ میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں

پیر 22 اگست 2016 18:19

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء ) شا ہ نورانی کی پہاڑیوں میں ایف سی اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے کالعدم تنظیم کے ایک کمانڈر کو دو ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے ،ہلاک ہونیوالے تینوں دہشتگرد اہم نوعیت کی گھنونی وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں ،دہشتگرد صدر پاکستان ممنون حسین کے صاحبزادے پر بم حملہ کرنے حب میں پولٹری فارم کے 9مزدوروں کے قتل اور چائنیز انجینئرز پر حملہ میں بھی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حب میں تعینات ایف سی بلوچستان کے اہلکاروں نے حساس اداروں کے اہلکاروں سے مل کر کراچی سے تقریبا150کلومیٹر دور بلوچستان میں شاہ نورانی کی پہاڑیوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرکے ایک کالعدم تنظیم کے کمانڈر رزاق عرف رازق مری کو اسکے دوساتھیوں سمیت ہلاک کردیا ایف سی ذرائع نے تینوں دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہونے کا دعوی کیا ہے اور ہلاک ہونیوالے تینو ں دہشتگردوں کی لاشوں کو حب کے گورنمنٹ جام غلام قادر ہسپتال پہنچادیا ہے ایف سی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ مارے جانے والے تینوں دہشتگرد جون 2006میں چائنیز انجینئرز پر حب میں حملہ کرنے اورحب کے نواحی علاقے ساکران میں ایک پولٹری فارم کے 9مزدوروں کو قتل کرنے اور صدرپاکستان ممنون حسین کے بیٹے کی حب میں کانوائے پر بم حملے میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں ۔