کوئٹہ اور مدینہ منورہ میں حملے کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں‘الشیخ عبد الرحمن الغنام

بے گناہ انسانوں کا قتل کرنے والوں کا اسلام سے کیسے تعلق ہوسکتا ہے‘سعودی عرب کے سیکرٹری مذہبی امور

پیر 22 اگست 2016 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء ) کوئٹہ اور مدینہ منورہ میں حملے کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں،بے گناہ انسانوں کا قتل کرنے والوں کا اسلام سے کیسے تعلق ہوسکتا ہے، نوجوان نسل کی ذہنی اور فکری رہنمائی کیلئے علماء اسلام کو اپنا کرداراداکرنا ہے۔یہ بات سعودی عرب کے سیکرٹری مذہبی امورالشیخ عبد الرحمن الغنام نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی،انتہاپسندی کیخلاف مسلم علماء کومتحد ہوکر اپنا کردار اداکرنا ہے۔ حکومت سعودی عرب حجاج کرام اور زائرین کی خدمت اپنا فخر سمجھتی ہے اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن نائف اور نائب ولی عہد مسلمانوں کی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے دیگر مقامات پر حملوں سے مسلمانوں کے دل زخمی ہیں۔

سعودی عرب کے امن کو خراب کرنے کیلئے حوثی باغیوں کی مدد کی جارہی ہے جو قابل تشویش ہے۔پاکستانی قوم مملکت سعودی عرب کے ساتھ ہے اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اتحاد امت کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور شام سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ ہے۔

متعلقہ عنوان :