ایم کیوایم سوسائٹی سیکٹرکے گرفتار کارکن کاشف قادر کا وڈیوبیان سراسر مضحکہ خیزہے،ایم کیوایم

پیر 22 اگست 2016 15:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایم کیوایم سوسائٹی سیکٹرکے گرفتار کارکن کاشف قادرکے میڈیاکوجاری کردہ وڈیوبیان کومضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے ایم کیوایم کے خلاف جاری میڈیاٹرائل کاحصہ قراردیاہے۔ اپنے بیان میں ترجما ن نے کہاکہ کاشف قادر کو 4 اگست کورینجرزنے گرفتارکیاتھااورگرفتاری کے بعدکئی روزتک تشددکانشانہ بنانے کے بعد ان کاوڈیوبیان شدیدبوکھلاہٹ میں رات گئے میڈیاکوجاری کیاگیاہے اورمیڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس وڈیوبیان میں کاشف قادر سے سانحہ 12مئی ، سانحہ طاہرپلازہ اورقتل کے کئی واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرایاگیاہے جو سراسر جھوٹ اورانتہائی بھونڈامذاق ہے۔

(جاری ہے)

ترجما ن نے کہاکہ یہ خودساختہ اعترافی بیان کس قدر جھوٹااورکتنابڑامذاق ہے اس کااس سے بڑااورکیاثبوت ہوگا کہ اس بیان میں یہ مضحکہ خیز دعویٰ کیا گیا ہے 12مئی 2007ء ، 2008ء میں ہونے والے طاہرپلازہ کے واقعہ اورقتل کے دیگر واقعات کی ہدایت کنوینر ندیم نصرت نے دی تھیں جبکہ تمام کارکنوں اورعوام کویہ حقیقت اچھی طرح معلوم ہے کہ ندیم نصرت تمام ترتنظیمی سرگرمیوں سے کئی سالوں سے لاتعلق تھے اور اپنے علاج کے سلسلے میں 2013ء تک امریکہ میں مقیم تھے ۔

ترجما ن نے کہاکہ تمام وکلاء اور آئینی وقانونی ماہرین مسلسل کہہ رہے ہیں کہ سرکاری حراست میں لئے گئے اس قسم کے وڈیوبیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ یہ وڈیوبیان دراصل ایم کیوایم کے خلاف جاری میڈیاٹرائل کا حصہ ہے جس کامقصد صرف ایم کیوایم کوبدنام کرنا ہے۔ترجمان نے کہاکہ کاشف قادر کایہ مضحکہ خیزوڈیوبیان صولت مرزا، ڈاکٹرعاصم، خالدشمیم اور منہاج قاضی جیسے وڈیو ڈراموں کی نئی قسط ہے اورعوام ایسے ڈراموں کی حقیقت اورڈرامہ سازوں کے عزائم سے اچھی طرح واقف ہیں۔

متعلقہ عنوان :