2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،خیبر پختونخوا میں محاذ آرائی کی سیاست اور عوام کے مسائل کی وجہ سے لوگ اکتاہٹ کا شکار ہیں

وزیراعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام کا بیان

پیر 22 اگست 2016 14:36

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 اگست۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ منتخب حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوام دوست پالیسیاں مرتب کیں اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اس بناء پر آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، موٹرویز اور ہائی ویز کی تعمیر کا کام ملک بھر میں تیزی سے جاری ہے، عوام میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 7 اگست کو پشاور میں مختصر نوٹس پر مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں عوام نے بھاری اکثریت سے شرکت کی اور ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں محاذ آرائی کی سیاست اور عوام کے مسائل کی وجہ سے لوگ اکتاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت ہو گا، خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر حلقے کے عوام کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور کامیابی سے بھی یہ بات عیاں ہے کہ آزاد کشمیر کی عوام نے منفی سیاست اور بے بنیاد تنقید کو مسترد کر دیا ہے اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھاری اکثریت میں کامیاب کر کے ہماری پالیسیوں کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کا کنونشن جلد ہو گا ، مسلم لیگ (ن) کا پشاور میں جلد ایک مرکزی دفتر قائم کیا جائے گا جس کے اخراجات وہ خود برداشت کرینگے۔