میو ہسپتال میں وارداتوں اور ناکارہ کیمروں کے حوالے سے تحریک التواء کار پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 22 اگست 2016 13:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے میو ہسپتال میں وارداتوں اور ناکارہ کیمروں کے حوالے سے تحریک التواء کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق میو ہسپتال کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق میو ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ کی بنیاد پر چار سے پانچ وارداتیں اور واقعات معمول کا حصہ بن کر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میو ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی وارڈ کے کلوز سرکٹ کیمروں کی صفائی بروقت نہیں کی جاتی ہے جس کے باعث اکثر کیمرے ناکارہ ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے کیمرے نوسربازی اور موبائل چوری کی وارداتیں روکنے میں کوئی مدد گار ثابت نہیں ہو رہے ہیں جس کے باعث میو ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کو موبائل فون چوروں اور نوسربازوں نے اپنی پسند یدہ آماجگاہ سمجھ لیا ہے جس کے باعث واقعات اور وارداتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس حوالے سے پولیس چوکی انچارج ریاض احمد کا کہنا ہے کہ روزانہ دو سے تین وارداتیں ہونا معمول ہے اس کے لئے ہسپتال کے کیمروں کی صفائی نہ ہونا بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔