کراچی‘ فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق‘4 زخمی

پیر 22 اگست 2016 11:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے دوسری جانب قانون نافذکرنیوالے اداروں نے مختلف کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق محمود آباد میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے باعث خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کے بارے میں تاحال پتہ نہیں چل سکا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت عنبرین اور متین کے ناموں سے ہوئی ہے جو آپس میں رشتہ دار ہیں۔دوسری جانب ماڑی پور کے علاقے میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر ملا زبیر کو گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق ملا زبیر کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے ہے، ملزم لیاری، ملیر، چنیسرگوٹھ اور ڈالمیا کے علاقوں میں گینگ چلا رہا تھا۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاوٴن میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔دوسری جانب محمودآباد نمبر 6 میں فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق گھریلو تنازع پر بڑے بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے چھوٹے بہن بھائی کو زخمی کردیا تھا۔ تھانہ سکھن کی حدود میں نامعلوم سمت سے آنیوالی گولی سے خاتون جبکہ سرجانی ٹاوٴن ایل ون میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ گذشتہ روز حسین ہزارہ گوٹھ سے لاپتہ ہونیوالا چار سالہ عبدالرحمان پانی کے ٹینک میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، بچہ دوپہر سے لاپتہ تھا، اہلخانہ نے بچے کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی تھی، پولیس نے مبینہ اغوا کار کو گرفتار کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :