وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں کانگو وائرس کے پھیلنے اوراموات بارے رپورٹ طلب کرلی

پیر 22 اگست 2016 00:11

قلات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں کانگو وائرس کے پھیلنے اور اس سے ہونے والی اموات کی اطلاعات سے متعلق محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، وزیراعلیٰ نے مذکورہ اطلاعات کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے محکمہ لائیو اسٹاک کو ہدایت کی ہے کہ وائرس کی روک تھام اور اس کے تدارک کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔

مال مویشیوں کے باڑوں ،منڈیوں اور مذبح خانوں میں اسپرے کے کام کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد کے حوالے سے صوبہ بھر میں بالعموم اور کوئٹہ شہر میں بالخصوص جنگی بنیادوں پر کانگووائرس کے خاتمہ کے لیے اسپرے کیا جائے، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ کانگو وائرس کی ٹیسٹنگ مشین کی دسیتابی کو فوری یقینی بنایا جائے، فاطمہ جناح ٹی بی سینیٹوریم اینڈ جنرل ہسپتال میں قائم آئی سولیشن وارڈ کو بھرپور فعال رکھتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی آئی سولیشن وارڈ قائم کئے جائیں ، وزیراعلیٰ نے محکمہ اطلاعات کو بھی کانگو وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے موثر مہم چلانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :