پنجاب حکومت کو لوگوں کے قتل عام کا سرٹیفکیٹ کس نے دیا ہے؟،حکمرانوں کو معصوم انسانوں کے خون کا جواب دینا پڑے گا،پنجاب میں ترقی نہیں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے ،گڈ گورننس کے دعویداروں نے انسانی خون بہانے کے علاوہ کیا کیا ہے؟ ،مرزا تنویر بیگ کا قتل وزیر اعلیٰ کی ناک کے نیچے ہوا ہے ،اگر مقتول کے خاندان کو حکمرانوں نے انصاف نہ دیا تو ہمارے پاس حصول انصاف کے اور بھی کئی طریقے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی مقتول مرزا تنویر بیگ کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 اگست 2016 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21اگست۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روزاندرون لاہور میں قتل ہونے والے جماعت اسلامی کے مقامی امیر مرزا تنویر بیگ ایڈووکیٹ کی نماز جنازہ کے بڑے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب حکومت کو لوگوں کے قتل عام کا سرٹیفیکیٹ کس نے دیا ہے؟۔

حکمرانوں کو معصوم انسانوں کے خون کا جواب دینا پڑے گا۔پنجاب میں ترقی نہیں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے ،گڈ گورننس کے دعویداروں نے انسانی خون بہانے کے علاوہ کیا کیا ہے؟ ۔مرزا تنویر بیگ کا قتل وزیر اعلیٰ کی ناک کے نیچے ہوا ہے ،اگر مقتول کے خاندان کو حکمرانوں نے انصاف نہ دیا تو ہمارے پاس حصول انصاف کے اور بھی کئی طریقے ہیں۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی ۔

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد ،تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری محمد سرور،میاں محمود الرشیدامیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر مظلوم خاندان کو انصاف ملنے میں تاخیر ہوئی تو سمجھیں گے مرزا تنویر بیگ کے قتل میں حکمرانوں کا ہاتھ ہے ۔حکمرانوں کو قتل کا جواب دینا پڑے گا،حکمران اپنے سیاسی مخالفین کو چن چن کر قتل کر رہے ہیں اور اپنے خلاف مقدمہ بھی درج نہیں ہونے دیتے۔

لوگوں کو ایک ایف آئی آر درج کروانے کیلئے اسلام آباد تک ریلیاں نکالنے اور دھرنے دینے پرمجبورکر دیاجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ لاہور میں بھی جنگل کا قانون ہے ،جہاں دن دیہاڑے قانون دان کو گولیوں کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے اور قاتلوں کوکوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ کی شہادت کا یہ واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں اگر کوئی چیز سستی ہے تو وہ موت ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جو حکمران اپنے شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکتے انہیں حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔سراج الحق نے نماز جنازہ پڑھانے کے بعد مقتول کے بیٹوں کو پیار کیا اور خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکراللہ مجاہد کو ہدایت کی کہ شہید کے خاندان کو انصاف دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔