روئی کے آفیشل اسپاٹ ریٹس میں استحکام

اتوار 21 اگست 2016 14:06

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء) گذشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام اور 40 کلوگرام کے بھاوٴ میں استحکام رہا۔ ایسوسی ایشن سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روئی کی نئی فصل 2016-17کے آفیشل اسپاٹ ریٹس برائے 37.324 کلو گرام کے نرخ گذشتہ کاروباری روز کے بھاوٴ 6 ہزار 500 روپے اور 40 کلوگرام کے ریٹس 6 ہزار 966 روپے پر برقرار رہے۔

اسی طرح 37.324 کلوگرام کے بھاوٴ 135 روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 6 ہزار 635 روپے اور 40 کلوگرام کے ریٹس 145 روپے اندرون ملک اخراجات کے ساتھ 7 ہزار 111 روپے پر بند ہوئے۔ ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک ٹرانزیکشن کے تحت روئی کی نئی فصل برائے 2016-17کی 8 ہزار 800 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 575 روپے سے 6 ہزار 750 روپے فی من پر بند ہوئے۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کی روئی کی 800 گانٹھوں کے سودے سب سے کم بھاوٴ 6 ہزار 575 روپے سے 6 ہزار 700 روپے فی من پر بند ہوئے جبکہ شہدادپور، سانگھڑ اور میرپورخاص کی روئی کی بالترتیب 2 ہزار گانٹھوں، 1 ہزار 600 گانٹھوں اور 1 ہزار 200 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 600 روپے سے 6 ہزار 700 روپے فی من رہے۔ ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ مونگی بنگلہ کی روئی کی 200 گانٹھوں کے سودے سب سے زیادہ ریٹس 6 ہزار 750 روپے فی من پر بند ہوئے جبکہ ٹنڈوآدم اور مورو کی روئی کی بالترتیب 2 ہزار 200 گانٹھوں اور 800 گانٹھوں کے سودے 6 ہزار 650 روپے سے 6 ہزار 700 روپے فی من رہے۔#