سول ہسپتال دھماکہ جاں بحق وکیل کے بینک اکاؤنٹ سے رقم دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کر نے والے وارڈ بوائے ساتھیوں سمیت گرفتار

گرفتار ملزم نے 8 اگست کو خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے وکیل کی جیب سے چیک نکالا تھا ملزمان کے خلاف مقدمہ درج غفار نے چیک دیا گرفتار ملزمان محمود خان اور حمید گل نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا

اتوار 21 اگست 2016 13:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء) سول ہسپتال خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے ایڈووکیٹ عین الدین کے بینک اکاوٴنٹ سے رقم دوسرے اکاوٴنٹ میں منتقل کرنے والے وارڈ بوائے کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔بروری پولیس کے مطابق ایڈووکیٹ عین الدین کے بھائی کی شکایت پر کوئٹہ کے سرکاری ہسپتال کے وارڈ بوائے غفار اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزم نے 8 اگست کو سول ہسپتال میں خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے وکیل کی جیب سے چیک نکالا تھا اور گزشتہ روز ہزار گنجی میں موجود نجی بینک میں ان کے اکاوٴنٹ سے ساڑھے 17 لاکھ روپے اپنے اکاوٴنٹ میں منتقل کیے۔پولیس کے مطابق عین الدین کے موبائل پر بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہونے پر ان کے بھائی کو پتہ چلا کہ ان کے بھائی کے اکاوٴنٹ سے ٹرانزیکشن ہوئی ہے جس پر انہوں نے پولیس کو بتایا۔

(جاری ہے)

پولیس نے بینک کی معاونت سے وارڈ بوائے غفار اور اس کے دو سہولت کاروں محمود خان اور حمید گل کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی، جس میں چوری، دھوکا دہی و دیگر دفعات شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان محمود خان اور حمید گل نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ غفار نے انہیں چیک دیا اور کہا کہ یہ رقم اس کے اکاوٴنٹ میں ٹرانسفر کردی جائے۔

متعلقہ عنوان :