حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کی طرف سے سعودی شہر نجران پر راکٹ حملے- ایک سعودی شہری جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 21 اگست 2016 11:05

حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کی طرف سے سعودی شہر نجران پر راکٹ حملے- ..

ریاض(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2016ء) یمن میں حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کی طرف سے سعودی شہر نجران پر داغے گئے راکٹ حملوں کے نتیجے میں ایک سعودی شہری جاں بحق اور کم سے کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے تمام شہری غیرملکی بتائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق ہفتے کے روز یمن سے حوثی باغیوں نے ایرانی ساختہ”زلزال3“ اور کاتیوشا راکٹوں سے نجران کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک سعودی شہری جاں بحق ہو گیا۔

نجران میں شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن علی بن عمیر الشھرانی کا کہنا ہے کہ شہری دفاع کے عملے کو اطلاع ملی کہ شہر میں دو راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ شہری دفاع کا عملہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچا۔ترجمان نے بتایا کہ یمن سے داغے گئے راکٹوں کے نتیجے میں ایک سعودی شہری جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں پانچ یمنی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔