محمدنواز شریف کے ترقی کے وژن کی بدولت 2018 کے انتخابات دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوں گے، چوہدری برجیس طاہر

حلقہ این اے 135بنیادی اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اپنی مثال آپ بنے گا،وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان

ہفتہ 20 اگست 2016 19:51

ننکانہ صاحب /سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہد ری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی سازشوں کے باوجود پور ے ملک میں لازوال ترقی کا سفر جاری رہے گا ۔انہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے نظام پورہ میں ایک مقامی سڑک کی افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف چند سیاسی عناصر آئے دن دھرنوں اور احتجاجی تحریکوں کی صورت میں ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی حکومت محمد نواز شریف کی ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں شب وروز کام کررہی ہے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وہ ملک جو 2013 میں ڈیفالٹ ہونے کے در پر تھا جہاں آئے روز ملک کی فضا ء افسوس ناک دھماکوں سے گونجتی تھی آج اسی ملک میں امن وامان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں 80فیصد کمی ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

آج ملک میں سستی اور فوری بجلی کی فراہمی کے لیے کثیر التعداد منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔جن کی بدولت 2018 تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ یقینی ہے ۔ معاشی لحاظ سے ملک مستحکم ہو چکا ہے اور افراط زر میں نمایاں اور تاریخ کمی سے لوگوں کی قوت کے خرید میں اضافہ ہوا ہے جس سے خوشحالی میں اضافہ اور غربت میں کمی آئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی معشیت کو دُنیا کی دس بہترین ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کیا جاتا ہے اﷲ کے کرم وفضل اور حکومت کی احسن اور بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ٹیک آ ف کر چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کم ازکم دفاع، خارجی پالیسی، معیشت اور امن و امان کے حوالے سے ملک کے مفاد میں پالیسیوں کی بھرپور حمایت کریں تاکہ پاکستان مستقبل قریب میں ایشیاء کی مضبوط طاقت کے طور پر جانا جائے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ حلقہ این اے 135 کی عوام کی خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کیں اور ان ہی کوششوں اور محمدنواز شریف ،محمدشہباز شریف کی خصوصی شفقت کی بدولت آج یہ حلقہ زندگی کی بنیادی سہولیات اور جدید سہولیات کے حوالے سے اپنی مثال آپ بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سانگلہ ہل انٹر چینج کی تعمیر کی تکمیل اور سانگلہ ہل انٹر چینج تا شاہ کوٹ سڑک اس حلقے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان بڑے منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی ،صحت روزگار اور تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک انقلاب برپا ہو گا جس سے پورے علاقے کے عوام بھر پور مستفید ہوں گے۔