تاجروں کا درآمد کیے جانیوالے گارمنٹس پر اضافی 800 فیصد ویلیو ایشن ڈیوٹی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

حکومت بیورو کریسی کے مشوروں پر کاروبار تباہ کرنا چاہتی ہے ،اپنے حقوق کے لئے پر امن جنگ جاری رکھیں گے اگر حکومت بجلی اور گیس فراہم کرے تو مال درآمد کرنا بند کر دینگے ،ملک کی صنعت کو فروغ دینگے ‘ ریڈیمیڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن

ہفتہ 20 اگست 2016 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) ریڈیمیڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تاجروں نے درآمد کیے جانے والے گارمنٹس پر اضافی 800 فیصد ویلیو ایشن ڈیوٹی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، احتجاج میں تاجروں نے بھرپور شرکت کر کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور بھرپور نعرے بازی کی ۔ احتجاج کے بعد ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد حنیف نے دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے درآمد کیے جانے والے گارمنٹس پر اضافی 800فیصد ویلیو ایشن ڈیوٹی کو مسترد کرتے ہیں اور اس ظالمانہ اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی حکمرانوں کو نت نئے طریقے بتاتی ہے اور حکومت بھی بیورو کریسی کے مشوروں پر کاروبار تباہ کرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار خود کاروباری شخصیت ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی اور بیروزگاری کی فضاء میں کاروبار جاری رکھنا کتنا مشکل ہے ۔ مگر پھر بھی وہ تاجروں کو تنگ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔

تاجروں نے محسوس کیا ہے کہ حکومت کاروباری طبقے کو دیوار سے لگانے کا تہیہ کر چکی ہے جس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔ حقوق کے لئے پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 800فیصد ریلیو ایشن ڈیوٹی منظور نہیں ، اسے واپس لیا جائے ۔ اس غیر یقینی صورتحال میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر سرمایہ داروں کی بڑی تعداد اپنے کاروبار کو تباہ ہوتے دیکھ رہے ہیں ۔ تاجر برادری باقاعدگی سے ٹیکس جمع کروانے الا طبقہ ہے پھر بھی انہیں تنگ کیا جانا افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمیں بجلی اور گیس فراہم کرے تو ہم مال درآمد کرنا بند کر دیں گے اور ملک کی صنعت کو فروغ دیں گے ۔