بھانت بھانت کی بولیاں بولنے او ر الزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبانو ں میں جھانکنا چاہئے،حمزہ شہباز

ہفتہ 20 اگست 2016 16:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما او ر ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ پاکستانی قوم 126دن تک دھرنا دینے والوں کا حشردیکھ چکی ہے ، اب دوبارہ احتساب ریلی کے نام پر عوام سے مذاق کرنے والے ناکام ہوں گے ،بھانت بھانت کی بولیاں بولنے، دوسروں پر الزامات لگانے ، اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کرنے او رملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے ، عمران خان کس منہ کے ساتھ احتساب کی بات کرتے ہیں جب ان کے دائیں قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور بائیں غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرنیوالے علیم خان کھڑے ہوتے ہیں۔

حمزہ شہبازنے بورے والہ کے صوبائی حلقہ پی پی 232 کے ضمنی الیکشن میں دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرے گی اور لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل پر قابو پاکر انشاء اللہ 2018میں قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے ۔

(جاری ہے)

عزت دوسروں پر الزام تراشیوں سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے سے حاصل ہوتی ہے اور دوسروں پر بہتان لگانے والے پی ٹی آئی کی حکومت رکھنے والے صوبے خیبر پختونخوا میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکے ۔

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کی سیاست مخلوق خدا کی خدمت ہے اور موجودہ کامیابی میا ں نوازشریف کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی کامیابی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہبازنے کہاکہ میاں نوازشریف کا دامن صاف ہے ۔غلط کام کرنیوالا کبھی خود چیف جسٹس کو خط نہیں لکھتا ۔انہوں نے کہاکہ جب اصل چہرے سامنے آئے تو لوگ پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے ، احتساب کی تکڑی میں سب کو تلنا چاہیے ۔

الزامات لگانے والوں کو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کی شکل میں جواب مل چکاہے ۔جہاں مسلم لیگ (ن) کو 32اور تحریک ا نصاف کو صرف 2سیٹیں مل سکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب عوام 2018میں اپنے ووٹ کے ذریعے ا حتساب کریں گے او رفیصلہ کریں گے کہ کس نے اپنے مینڈیٹ سے انصاف کیا۔حمزہ شہبا زنے کہاکہ ملک میں توانائی منصوبے ، اقتصادی راہداری ، اور ترقی وخوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

جسے کسی سازش کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کے بعد بلدیاتی ادارے جلد مکمل ہوں گے اور لوگوں کے بنیادی مسائل تیزی سے حل ہوں گے ۔علاوہ ازیں حمزہ شہبازنے بورے والہ میں پی پی 232سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صوبائی اسمبلی یوسف کسیلہ کی رہائش پر ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ۔انہوں نے شہر میں بورے والہ کی 16یونین کونسلوں کے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور فعال پارٹی ورکرز سے ملاقاتیں کیں اور 31اگست کو پی پی 232کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :