جاپان میں کھانے میں ’سور‘ دینے پر پاکستانی شہری بھوک ہڑتال پر چلا گیا، دو ہفتوں سے جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اگست 2016 16:16

جاپان میں کھانے میں ’سور‘ دینے پر پاکستانی شہری بھوک ہڑتال پر چلا ..

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اگست2016ء): جاپان میں ایک مسلمان پاکستانی شہری کو کھانے میں ”سور“ کا گوشت دے دیا گیا جس پر پاکستان شہری نے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ پاکستانی شہری کی بھوک ہڑتال کو دو ہفتے گزر چکے ہیں تاہم بھوک ہڑتال تاحال جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوکوہاما میں ایک پاکستانی شخص کو امگریشن حکام نے حراست میں لیا اور کھانے میں سور کا گوشت دیا جس پر پاکستانی شہری نے بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

48 سالہ پاکستانی شخص کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر 3 اگست کو حراست میں لیا گیا جس کے بعد اب تک مذکورہ شخص کو بھوک ہڑتال کیے دو ہفتوں سے زائد عرصہ ہو چکا ہے۔ پاکستانی شہری محض پانی اور غذائی کیسپول پر گزارا کر رہا ہے جبکہ امگریشن حکام کے مطابق مذکورہ شخص کی صحت کو کسی نقصان کا خدشہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ برس بھی ایک پاکستانی شخص کو امگریشن حکام نے روک کر کھانے میں سور کا گوشت دیا تھا جس پر مسافر نے بھوک ہڑتال کی تھی تاہم بعد ازاں امگریشن حکام نے اسے انتظامیہ کی غلطی قرار دے کر مسافر سے معذرت بھی کر لی تھی۔

غیر ملکیوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والے ایک ادارے نے امگریشن آفس کا دورہ کیا۔ نمائندے کا کہنا ہے کہ امگریشن حکام کسی بھی مسافر کو اس کے مذہب کے مطابق کھانا دینے کے پابند ہیں۔ اور ہم درخواست کرتے ہیں کہ ایسا دوبارہ نہ کیا جائے۔ جبکہ امگریشن حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم اس کی پُر زور مذمت کرتے ہیں البتہ معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔