عالمی برادری کو خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہئیے،پاکستان

ہفتہ 20 اگست 2016 15:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اگست ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ گذشتہ40روز میں 80نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ،مقبوضہ کشمیر میں ماروائے عدالت قتل قابل تشویش ہیں،عالمی برادری کو خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہئیے۔ہفتہ کو مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے سیکرٹری جنرل او آئی سی عماد امین مدنی کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ40روز میں 80نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے،مقبوضہ کشمیر میں ماروائے عدالت قتل قابل تشویش ہے اور پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیرکاکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ضروری ہے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اوآئی سی پاکستان کے کشمیر پر موقف کی حمایت کرتی ہے اور او آئی سی نے کشمیر پر رابطہ گروپ موثر کردار ادا کر رہا ہے۔مشیر خارجہ نے کہا کہ رابطہ گروپ کا اجلاس امریکہ میں جنرل اسمبلی کے موقع پر ہوگا۔اسی موقع پر سیکرٹری جنرل(او آئی سی)عماد امین مدنی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل ہونا چاہیے۔

او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرے گا،کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔عماد امین مدنی نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر میں ریفرنڈم سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے،امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہونگے اور پاکستان میں او آئی سی کانفرنس کے انعقاد پر غور ہورہاہے۔