ٹرانس میشن لائن کے200ارب قوم سے وصول کرنا”ڈاکہ “ہے‘ چوہدری محمدسرور

ہفتہ 20 اگست 2016 15:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مزکری رہنما و سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے سپر یم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ٹرانس میشن لائن کے نام پر قوم سے200ارب وصولی کا حکومتی اقدام”ڈاکہ “ہے سپر یم کورٹ اسکو ختم کر نے کا حکم دیں ،حکمران غر یبوں کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنے کی پا لیسی پرگامزن ہیں ،(ن) لیگ بتائے وہ قوم سے کس جرم کا انتقام لے رہی ہے ؟حکمران عوام کا نہیں اپنی50سالوں کی ”کمائی “کا سوچ رہے ہیں ،حکمران بادشاہ سلامت کی بجائے ملک کو جمہو ری انداز میں چلائے ،ہر روز نئے ٹیکسوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے اور تاجر طبقہ بھی حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر لڑ رہا ہے ۔

ہفتے کے روز اپنے دفتر میں لوہامارکیٹ لاہور کے مر کزی نائب صدر بیر سٹر امتیاز حسین ،چوہدری زاہد حسین ،میاں جاوید علی ،چوہدری اعجاز اور طلحہ کی قیادت ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمدسرورنے کہا کہ ملک میں حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری کا سیلاب آیا ہواہے مگر اسکے باوجود حکمران ملک اور عوام پر رحم کر نے کو تیار نہیں ہر روز قوم اور تاجروں پر ٹیکس کے نام پر مہنگائی کی بمباری کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برداری پر لگنے والے ٹیکسز کیخلاف تحر یک انصاف تاجر براداری کیساتھ ہے اور انکے ہراحتجاج میں شر یک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف بجلی کی بدترین لوڈشیڈ نگ کے ذریعے حکمران غر یبوں کا خون نچوڑ رہے ہیں تو دوسری طرف مہنگی ترین بجلی قوم کو دی جا رہی ہے لیکن اب مٹیاری تا لاہور ٹرانس میشن لائن کے نام پر حکومت کا25سال تک قوم سے200ارب روپے کی وصولی کیلئے بجلی 70پیسے فی یونٹ مہنگی کرنا ظلم کی انتہاہے اور غر یب عوام کی جیب پر حکمرانوں کا ڈاکہ ہے اس لیے ہم سپر یم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں وہ اس کا از خود نوٹس لیں ا ور حکومت کو حکم دیں وہ اس ظالمانہ فیصلے کو فوری واپس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بتائے وہ کس جرم کا قوم سے انتقام لے رہے ہیں؟۔