Live Updates

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،رانا مشہود احمد

ہفتہ 20 اگست 2016 15:07

لاہور۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اگست۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،پنجاب بھر میں میرٹ پر ایجو کیٹرز کی بھرتی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ،یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے گزشتہ روز نئے بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی تربیتی ورکشاپ میں ایجوکیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ پچھلے مرحلہ میں بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی محنت اور لگن سے سرکاری سکولوں کے نتائج میں بہتری آئی ہے جس سے تبدیلی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے ، انہوں نے کہا کہ 1997سے قبل امیر لوگوں کے بچے پوزیشن لیا کرتے تھے آج معیاری تعلیم اور میرٹ پر بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی صلاحیتوں کی بدولت غریبوں کے بچے پوزیشنز لے رہے ہیں، بوٹی مافیا کا خاتمہ ہو چکا ہے، تعلیم کے شعبہ سے سیاسی عمل دخل ختم کر دیا گیا ہے، اساتذہ کی بھرتی سے سیاسی کوٹہ ختم کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ہم نیک نیتی سے کام کررہے ہیں جس سے بہتر نتائج نکلیں گے اور آہستہ آہستہ تمام مسائل حل کرلئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایجوکیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ نئے نئے علوم اور ٹیکنالوجی سے باخبر رہیں اور ان کے زیر سایہ تعلیم حاصل کرنے والے بچے بھی جدید علوم سے مستفید ہوتے رہیں، انہوں نے بتایا کہ ایجوکیٹرزکا سکیل بھی بڑھایا جا رہا ہے، ایجوکیٹرز کی شکایت پر صوبائی وزیر نے انتظامی آفیسر ز اور ای ڈی او تعلیم کو ہدایت کی کہ ایجوکیٹرز سے غیر متعلقہ کام جن میں مختلف مواقع پر سکولوں سے باہرغیر تدریسی ڈیوٹیاں لگانا شامل ہیں نہ لیا جائے ، ان سے صرف تدریسی کام لیا جائے ،اس قسم کی شکایت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پرایم پی اے حماد نواز ٹیپو، ای ڈی او تعلیم شمشیر احمد خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ فرقان عباس حیدر سمیت اساتذہ اور نئے بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :