فیصل آباد ایجوکیشن بورڈ نے جماعت نہم کے نتائج کا اعلان کر دیا

ہفتہ 20 اگست 2016 15:06

فیصل آباد۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اگست۔2016ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک کلاس نہم کے سالانہ امتحانات 2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے کمپیوٹر سیکشن میں نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ پر اَپ لوڈ کرنے کی سادہ و پروقار تقریب ہوئی جس میں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ‘ سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد اسلم قریشی‘کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر اورسسٹم اینالسٹ محمد طارق کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔

جب 10 بج کر 10منٹ ہوئے تو چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ اور سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد اسلم قریشی نے الگ الگ بٹن دبا کرنتائج کو بورڈ کی ویب سائیٹ پر اَپ لوڈ کر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد کیلئے جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں کل 519 امتحانی مراکز قائم کئے گئے جبکہ طلباء و طالبات کی کل تعداد 161338 تھی۔

جن میں سے 81656 پاس جبکہ 79682 فیل ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 50.61 فیصد رہا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ طلباء وطالبات کو ان کی محنت کا بھرپور صلہ ملے یہی وجہ ہے کہ میں نے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی سپر چیکنگ کے بعد نتائج تیار کروائے اس لئے میں یہ بات بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ نتائج ہرقسم کی غلطیوں سے پاک اور صاف و شفاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بچہ مطمئن نہ ہو وہ ری چیکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنی کاپی خود چیک کر سکتا ہے۔یاد رہے کہ نتائج سے متعلق تمام تر تفصیلات بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk سے بھی ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :