وزیراعظم محمد نواز شریف پرسوں لاہور سیالکوٹ موٹروے کا افتتاح کریں گے

ہفتہ 20 اگست 2016 13:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف 22 اگست پیرکو لاہور سیالکوٹ موٹروے کا افتتاح کریں گے۔ 98 کلو میٹر موٹروے کا یہ منصوبہ 43.847 بلین ڈالرز کی لاگت سے 24 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے زرعی زمینوں سے گزرے گی جو بہت سے کاروباری سرگرمیوں والے مراکز کو بھی ایک دوسرے سے جوڑیگی ‘ موٹروے کی تعمیر سے شہریوں کو جدید اور تیز ترین سفری سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

یہ منصوبہ تاجروں، صنعتکاروں سمیت ان علاقوں کے لوگوں کی دیرینہ خواہش پر شروع کیا گیا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کی جا رہی ہے۔ یہ موٹروے لاہور بائی پاس انٹرچینج سے شروع ہو گی جو کہ N-5 کو M-2 کالا شاہ کاکو سے منسلک کرے گی اور سیالکوٹ کے مغرب میں 15 کلو میٹر پر جا کر ختم ہو گی جس سے کثیر آبادی کے ساتھ ساتھ کاروباری علاقے بھی مستفید ہونگے موٹروے پر 6 انٹرچینج اور 2 سروس ایریا ہونگے، ڈبلیو ایف او اس موٹروے منصوبہ کو سپانسر کریگی ‘ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اس پر عملدرآمد کرے گی۔

(جاری ہے)

پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ اور کراچی موٹروے 21ویں صدی میں پاکستان بنیادی ڈھانچے کیلئے گیم چینجر منصوبے ہونگے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے مقاصد حاصل ہو سکیں گے، جس سے پاکستان ریجنل کاروباری سرگرمیوں کا حب ہوگا۔