بچوں کے اغوا کی افواہوں پر کان نہ دھریں، کراچی پولیس چیف

جمعرات 18 اگست 2016 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) کراچی میں بچوں کے اغوا کی افواہوں سے والدین پریشان ہوگئے جبکہ کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ والدین ان افواہوں پر کان نہ دھریں، معمول کے مطابق بچوں کو اسکول بھیجیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی افواہیں والدین میں خوف وہراس پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں ،کراچی میں کوئی بچہ اغوا نہیں ہوا، یہ سب افواہیں ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں، افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں، بچوں کو معمول کے مطابق اسکول بھیجیں،شہر میں بچوں کو اغوا کرنے والا کوئی گروہ سرگرم نہیں ،افواہیں سیاسی مقاصد کے لیے پھیلائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی او نے مزید کہا ہے کہ افواہوں کا مقصد رینجرز اور پولیس کی کراچی میں تین سال کی کامیابیوں کو متاثر کرنا ہے، بچوں کے اغوا کی افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے کے ساتھ مل کر کارروائی کی جائے گی ۔

اس حوالے سے آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین خالد شاہ کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو نہ تو پولیس کی طرف سے اور نہ حکومت سندھ کی طرف سے کسی قسم کی کوئی ہدایت جاری کی گئی ہے، چند اسکولوں نے خود سے سرکلر جاری کر دیے اور ایسا سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کے بعد ہوا۔

متعلقہ عنوان :