مودی کے پاکستان مخالف جارحانہ بیانات پر وزیراعظم پاکستان کی معنی خیز خاموشی قوم کیلئے اضطراب کا باعث بن رہی ہے

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کابیان

جمعرات 18 اگست 2016 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اگست ۔2016ء) ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان مخالف جارحانہ بیانات پر وزیراعظم پاکستان کی معنی خیز خاموشی قوم کے لیے اضطراب کا باعث بن رہی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ، اعترافات ، سمجھوتہ ایکسپریس میں 570 پاکستانیوں کو زندہ جلانے والے بھارتی فوج کے حاضر سروس کرنل پروہت کے خلاف ثبوت ، نریندر مودی کا بنگلہ دیش میں پاکستان توڑنے کا اعترافی بیان ، یوم آزادی پر بلوچستان ، گلگت بلتستان وغیرہ میں اپنی مداخلت کا ثبوت فراہم کرنے کے باوجود وزیراعظم پاکستان کی طرف سے بھارت کے خلاف کسی معمولی سے بے ضرر جملے کا نہ آنا قوم کے لیے باعث تشویش ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ، اگر پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بے مثال اور لازوال قربانیوں اور انتہائی پرجوش عوامی احتجاجی تحریک آزادی سے بھی عالمی رائے عامہ کو متوجہ کرنے میں ناکام رہا ہے تو قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے ؟