سی پی او راولپنڈی نے عوامی نمائندوں کی شکایت پرسب انسپکٹر پیر ودھائی کو معطل کردیا

جمعرات 18 اگست 2016 22:58

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اگست ۔2016ء)مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے ضلعی صدر گل خان مہمند کی قیادت میں شہر کی مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے ایس ایچ او پیرودھائی کے حکم پر تاجر کیخلاف جھوٹے مقدمے کے اندراج اور 50 ہزار روپے جرمانہ کرانے پر احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ روز سی پی اوراولپنڈی اسرار احمد عباسی سے ملاقات کی اوروڈیو ثبوت بھی پیش کیئے۔

سی پی او نے سب انسپکٹر کو معطل کردیا جبکہ ایس ایچ او کو وارننگ دیدی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ پیرودھائی پولیس نے 13 اگست کو اصغر خان جنرل سٹور پیرفوجی کالونی پیر ودھائی کے مالک کیخلاف شاپس اینڈ سیکورٹی آرڈیننس کے تحت کیمرے نصب نہ کرنے پر بجرم 14.PS.VEO دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرکے 50 ہزار روپے جرمانہ کرایا جبکہ سٹور کے مالک کا موقف ہے کہ میری دکان میں کیمرے نصب تھے جس میں چیکنگ و پڑتال عملے کی آمداور روانگی کی وڈیو بھی موجود ہے ،تھانے کے کرپٹ اہلکاروں کو بھتہ نہ دینے پر ایس ایچ او نے میرے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایاجب یہ خبر شہر میں پھیلی تومسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے ضلعی صدر گل خان مہمند کی قیادت میں شہر کی مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں راجہ مقصود حسین،یٰسین خان،چوہدری زبیر،ڈاکٹر شفقت محمود،چوہدری عابد،عامرالدین میر،خورشید قریشی اور وائس چیئرمینوں ملک آصف،عرفان مغل،حاجی رمضان،ملک شہزاد،اور عصمت اﷲ خان پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز سی پی اوراولپنڈی اسرار احمد عباسی سے ملاقات کی اورایس ایچ او پیرودھائی چوہدری ریاض کی تعیناتی،علاقہ میں بھتہ خوری اور جرائم کی شرح میں اضافے پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ جو دکاندار رشوت دے دیتا ہے وہ کلیئر ہوجاتا ہے اور جو شخص رشوت نہیں دیتا وہ شاپس اینڈ سیکورٹی آرڈیننس کا شکار ہوجاتا ہے،اگر ایک تاجر کرائے کی دکان کررہا ہو وہ اپنے بچوں کیلئے بڑی مشکل سے 10 یا15 ہزار روپے کمالے گا،حکومتی ہدایات کے مطابق کیمرے بھی لگالے گا لیکن 50 ہزار روپے جرمانہ کیسے ادا کرے گا؟۔

(جاری ہے)

وفدنے فوجی کالونی کے تاجر کی دکان میں لگے کیمروں کی مدد ے چیکنگ و پڑتال عملے کی آمد اور روانگی کے وڈیو ثبوت بھی پیش کیئے اور سی پی او سے مطالبہ کیا کہ پیرودھائی تھانے میں کسی ایماندار افسر کو ایس ایچ او تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں اور تاجر برادری کو پولیس گردی سے نجات مل سکے۔سی پی او نے وفد کی شکایت پرفوری طور پرایس ایچ او سے جواب طلبی کی اور متعلقہ تفتیشی سب انسپکٹر نذیر کو معطل کردیا۔