کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں گرفتار محمد ربانی عرف فرعون نے تفتیشی ٹیم کے سامنے درجنوں افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا

جمعرات 18 اگست 2016 22:26

کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں گرفتار محمد ربانی عرف فرعون نے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں گرفتار محمد ربانی عرف فرعون نے تفتیشی ٹیم کے سامنے درجنوں افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق سفاکیت اور بے رحمی کی وجہ سے فرعون عرفیت پڑ ی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلر محمد ربانی عرف فرعون نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

ٹارگٹ کلر محمد ربانی عرف فرعون نے اعتراف کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں سیاسی قیادت کی طرف سے مذہبی جماعت کے کارکن سمیت 4 افراد کو قتل کرنے کی لسٹ ملی جن کو مختلف علاقوں میں ہدف بنا کر قتل کیا۔تفتیشی ٹیم کو اس نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں ہڑتال کے دوران بس پر فائرنگ کی جس سے دو افراد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ہڑتالوں کے دوران اورنگی ٹاؤن میں جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیاں بھی نذرآتش کیں۔

فرعون کے مطابق ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا سربراہ علاوالدین عرف کالا پپو تھا جس کے احکامات پر وارداتیں کی جاتی تھیں۔ کئی وارداتوں میں اس کے ساتھ شامل بھی رہا۔ملزم فرعون نے بتایا کہ سیاسی جماعت کی قیادت نے اس سے خوش ہو کر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کی ملازمت دلائی۔ملزم نے بتایا کہ سفاکیت کی وجہ سے اسکا نام فرعون پڑ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :