محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز اور عملہ آئندہ قومی پولیو مہم کو 100 فیصد کامیاب بنائیں ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

جمعرات 18 اگست 2016 22:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اگست ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے محکمہ صحت حیدرآباد کے افسران، ڈاکٹرز اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ قومی پولیو مہم کو 100 فیصد کامیاب بنائیں تاکہ مستقبل کے معمار بچوں کو اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لیے محفوظ رکھا جاسکے، مہم کے دوران غفلت اور لا پرواہی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔

وہ شہباز ہال حیدرآباد میں29 اگست سے یکم ستمبر2016ء تک جاری رہنے والی قومی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیئے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی معتصم عباسی نے کہا کہ پولیو کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں کو یونین کونسل سطح سے ضلعی سطح تک تربیت دے کر انہیں اپنی ذمہ داریو ں کے لیے پابند بنایا جائے اور علاقوں کے سماجی کارکنان ، معزز افراد سے بھی مدد حاصل کی جائے جبکہ انسداد پولیو ٹیموں کو رکاوٹیں درپیش ہوں تو فوری طور پر انہیں اطلاع دی جائے کیونکہ یہ پولیو کے خلاف مہم نہیں بلکہ جہاد ہے، محکمہ صحت حیدرآباد کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ ہونے والی پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 10ہزار599 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 860 پولیو گشتی ٹیمیں38 ایریا انچارج اور 10 تعلقہ سپروائزر اس پولیو مہم میں حصہ لیں گے جبکہ اس ضمن میں 98 فیکس پوائنٹ ، 38 ٹرانزٹ پوائنٹ بھی قائم کیے گئے ہیں، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شکیل احمد ابڑ و کے علاوہ پولیس ، ریوینیو کے افسران سمیت اسسٹنٹ کمشنروں اور مختیار کاروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :